امتحانات کے انعقاد کی مخالفت، کانگریس قائدین کو پولیس نے ملاقات سے روک دیا
حیدرآباد : تلنگانہ میں امتحانات کے انعقاد سے متعلق حکومت کے فیصلہ کے خلاف کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے پرگتی بھون پر احتجاج منظم کیا گیا۔ این ایس یو آئی ریاستی صدر بی وینکٹ کی قیادت میں این ایس یو آئی کے کارکن پی پی ای کٹس پہن کر اچانک پرگتی بھون پہنچ گئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ کارکن پرگتی بھون کے باب الداخلہ کے پاس دھرنے پر بیٹھ گئے اور بعض کارکن رکاوٹوں کو تھام کر دوسری طرف پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کو احتجاجیوں پر قابو پانے میں دشواریاں پیش آئیں۔ کافی جدوجہد کے بعد احتجاجیوں کو گرفتار کیا گیا اور انہیں گوشہ محل منتقل کیا گیا ۔ پرگتی بھون کے پر احتجاج سیکوریٹی عملہ کیلئے حیرت کا باعث ثابت ہوا اور اعلیٰ حکام نے وہاں تعینات سیکوریٹی عملہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ این ایس یو آئی ریاستی صدر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایمسٹ اور دیگر کامن انٹرنس امتحانات کے علاوہ فائنل ایئر کے امتحانات منعقد کرنے کے خلاف احتجاج منظم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ میں مقدمہ زیر التواء ہے ، اس کے باوجود حکومت امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال میں امتحانات کا انعقاد طلبہ کی زندگی سے کھلواڑ ہے ۔ کرناٹک میں امتحانات کے انعقاد پر کئی طلبہ وائرس سے متاثر ہوئے ۔ حکومت کو امتحانات کے انعقاد سے گریز کرنا چاہئے ۔ احتجاجی کارکنوں کو گوشہ محل منتقل کیا گیا جہاں کئی کانگریس قائدین ملاقات کیلئے پہنچے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، سریدھر بابو ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو اور دیگر قائدین کو پولیس نے ملاقات سے روک دیا ۔ کانگریس قائدین اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے واپس ہونے پر مجبور کردیا ۔ بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ حکومت پولیس کے ذریعہ اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے این ایس یو آئی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ کورونا وائرس کی صورتحال میں امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ 62 لاکھ طلبہ کیلئے کانگریس کارکنوں نے احتجاج کیا۔ 18 اگست کو ریاست بھر میں این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کی جانب سے احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی گرفتاریوں کی مذمت کی ۔