پرگتی بھون پہنچنے کی کوشش پر مختلف اضلاع میں کانگریس کارکنوں کی گرفتاریاں، شہر میں داخلہ کے راستوں پر چوکسی

   

حیدرآباد۔21 ۔ اکٹوبر (سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں کانگریس کے پرگتی بھون گھیراؤ کی اپیل پر تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے کانگریس کارکن حیدرآباد کے لئے روانہ ہوئے تھے لیکن انہیں شہر میں داخلہ سے روک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کوکٹ پلی ، نظام پیٹ ، بالا نگر ، صنعت نگر ، ایل بی نگر اور دیگر علاقوں میں اضلاع سے پہنچنے والی گاڑیوں کو روک کر کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ کھمم ضلع کے ایلندو سے کانگریس کارکن حیدرآباد کے لئے روانہ ہوئے تھے لیکن انہیں راستہ میں روک لیا گیا ۔ رنگا ریڈی ضلع کے علاوہ سنگا ریڈی ، پٹن چیرو ، جنارم اور دیگر علاقوں میں بھی کانگریس کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاع ملی ہے۔ جگتیال میں 20 کانگریسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی نے کہا کہ بہت جلد پردیش کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔