مسلم تحفظات کو بھُلادیا گیا، انتخابی وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام
حیدرآباد۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے 2 ستمبر کو پرگتی بھون کے روبرو بھوک ہڑتال کا اعلان کیا اور کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں نمائندگی کیلئے انہوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اگر 2 ستمبر کو چیف منسٹر ملاقات کا وقت نہیں دیں تو وہ پرگتی بھون کے روبرو بھوک ہڑتال کا آغاز کردینگے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس نے دوبارہ اقتدار کیلئے عوام سے کئی وعدے کئے تھے۔ مسلمانوں سے 12 فیصد تحفظات کا وعدہ چھ سال گذرنے کے باوجود پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اقتدار کے چار ماہ میں مسلمانوں کو تحفظات کا وعدہ کیا تھا اب تو اس وعدہ کا تذکرہ بھی نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے قرض کی معافی اور مفت برقی کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے علاج کیلئے آروگیہ شری اسکیم پر عمل آوری روک دی گئی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت میں شروع کردہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری روک دی گئی۔ ضعیف افراد اور بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ 3016 روپئے کے وظیفہ کا اعلان کیا گیا تھا۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ 2 ستمبر کو ملاقات کا وقت طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کا وقت نہ ملنے کی صورت میں پرگتی بھون کے باہر بھوک ہڑتال کرنے سے انہیں کوئی روک نہیں پائیگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت پولیس کی مدد سے اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش کررہی ہے۔