پریشان کن مالی حالت کے باوجود فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری

   

Ferty9 Clinic

حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدیں مسترد، سدی پیٹ میں پلے پرگتی پروگرام سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر فینانس مسٹر ہریش راؤ نے ریاست کے مالی موقف پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کی جانے والی تنقیدوں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور وضاحت کی کہ نئی تشکیل پائی ریاست تلنگانہ میں عوامی فلاح و بہبود پر مبنی اسکیمات کو متعارف کرنے پر اولین ترجیح دینی پڑ رہی ہے اور نئے پراجکٹس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر ترقیاتی اقدامات انجام دینے کی وجہ سے ریاستی حکومت پر بھاری مصارف عائد ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ہی ریاست کی مالی صورتحال پریشان کن و تکلیف دہ بن گئی ہے۔ اس کے باوجود ریاست میں فلاح و بہبودی اسکیمات پر موثر عمل آوری کرنے میں کوئی منفی اثرات مرتب ہونے نہیں دیا گیا۔ مسٹر ہریش راؤ جنہوں نے ضلع سدی پیٹ میں سدی پیٹ رورل، نارائن راؤ پیٹ اور سدی پیٹ ٹاؤن میں منظم کردہ ’ پلے پرگتی ‘ ( گاؤں کی ترقی ) پروگراموں اور دیگر پروگراموں میں حصہ لیا تھا۔ اپنے خطاب میں کہا کہ ماں کے پیٹ میں بچہ کی نشوونما سے لیکر پیدا ہوکر بڑے ہونے کے بعد تعلیم، کلیان لکشمی، شادی مبارک جیسی اسکیمات ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے تغذیہ بخش غذاؤں کی فراہمی کیلئے کوئی سمجھوتہ کئے بغیر رقومات جاری کی جارہی ہیں۔وزیر فینانس نے سابق حکومتوں کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور جھنجوڑتے ہوئے دریافت کیا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے جس طرح عوامی فلاح و بہبود کیلئے اسکیمات روبہ عمل لائی جارہی ہیں سابق میں کسی بھی حکومت سے اس طرح کی اسکیمات روبہ عمل لائی گئیں؟۔ انہوں نے سابق حکومتوں کی کارکردگی کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں برقی سربراہی کی صورتحال انتہائی ابتر تھی اور برقی سربراہی کب رہے گی اور کب اچانک منقطع ہوجائے گی کوئی بتانے کے موقف میں نہیں رہا کرتے تھے۔ جس کے نتیجہ میں نہ صرف کسان بلکہ برقی صارفین بھی کافی مشکل حالات سے دوچار رہا کرتے تھے لیکن اب ایک سکنڈ کیلئے بھی برقی سربراہی منقطع نہ ہونے کیلئے کئے گئے اقدامات کا اعزاز صرف اور صرف چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ہی حاصل ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے مزید کہا کہ سابق حکومتوں میں عوام اپنے حقوق حاصل کرنے کے مطالبہ پر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کے علاوہ دھرنے دیا کرتے تھے لیکن مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت میں احتجاج و دھرنے منظم کرنے کی صورتحال ہی نہیں پائی جارہی ہے کیونکہ حکومت عوام کی تمام تر ضروریات اور ان کی ترقی کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔