حیدرآباد۔یکم۔ ڈسمبر(سیاست نیوز) ڈاکٹر پرینکا ریڈی معاملہ میں انصاف کے عمل کو تیز کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عصمت ریزی اور قتل کے اس معاملہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ ہونے پائے۔چیف منسٹر نے فاسٹ ٹریک کورٹ کے قیام کے اقدامات شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ عرصہ میں ہنمکنڈہ واقعہ میں 56 دن میں جس طرح فیصلہ کو یقینی بنایا گیا اسی طرح سے اس معاملہ میں بھی فاسٹ ٹریک کورٹ کے قیام کے ذریعہ جلد انصاف رسانی کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ کے چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس واقعہ میں ملوث خاطیوں کو سزا یقینی بنائی جائے گی۔ چیف منسٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح کی مدد کی فراہمی کیلئے تیار ہے۔قبل ازیں چیف منسٹر نے پرینکا کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات مہذب سماج کیلئے باعث شرم ہیں۔