نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے پارلیمانی حلقہ وایناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے درپیش صورتحال سے آگاہ کیا اور متاثرین کی مدد کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ مسز واڈرا، جو وایناڈ لوک سبھا سیٹ کے حالیہ ضمنی انتخاب میں بھاری فرق سے جیت کر پارلیمنٹ پہنچی تھیں، نے چہارشنبہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے شاہ سے کہا کہ سیاست سے اوپر اٹھ کر وائناڈ کے لوگوں کی مدد کرنے کی درخواست ہے ۔واڈرا نے کہاکہ ہم نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی ہے اور انہیں وایناڈ کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے ۔ لینڈ سلائیڈنگ نے وہاں کے لوگوں کی زندگیوں پر گہرا اثر ڈالا ہے ۔ لوگوں کے خاندان اور گھر تباہ ہو چکے ہیں اور ان کی زندگی بہت مشکل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اگر مرکزی حکومت کچھ نہیں کرتی ہے تو لوگ کیا امید رکھیں گے ۔ ہم نے وزیر داخلہ سے اپیل کی ہیکہ وہ وائناڈ کے لوگوں کی سیاست سے بالاتر ہو کر مدد کریں۔
جب وزیر اعظم نریندر مودی نے وہاں متاثرین سے ملاقات کی تو لوگوں کو مدد کی امید تھی لیکن اب تک کوئی مدد نہیں ملی ہے ۔مسز واڈرا نے کہاکہ ”میں نے شاہ سے سیاست سے اوپر اٹھ کر وایناڈ کے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ سیلاب کی وجہ سے سب کے گھر اور اسکول بہہ گئے ہیں اور اس کے پیش نظر وزیر داخلہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لوگوں کی مدد کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ اس معاملے میں سیاست سے اوپر اٹھ کر وائناڈ کے متاثرین کی مدد کی جانی چاہیے ۔ ہم نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو ایک میمورنڈم دیا ہے اور حکومت سے متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے یقین دلایا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل سے واقف ہیں اور اس معاملے میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے ۔