پرینکا چوپڑا کا بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

   

ممبئی :بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں کام کرنے والی معروف ہندوستانی اداکارہ پرینکا چوپڑا نے بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے۔امریکہ میں فنکاروں، سماجی کارکنوں اور صحافیوں کی جانب سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی نسل کشی کیخلاف مظاہرے کرنے اور ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ہالی ووڈ کی 400 سے زائد شخصیات نے ’آرٹسٹ فور سیز فائر‘ کے عنوان سے ایک خط لکھا تھا۔خط میں امریکی کانگریس اور صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کیلئے فوری اقدام کریںجہاں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔بائیڈن کو لکھے گئے خط میں فنکاروں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ تمام زندگیاں قیمتی ہیں پھر چاہے اْن کا تعلق کسی بھی مذہب یا نسل سے ہو، ہم فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔