بریلی، 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش بی جے پی کے صدر مہیندر ناتھ پانڈے نے دعویٰ کیا کہ ریاستی سیاست میں زوال پذیر کانگریس کی واپسی نومقرر جنریل سکریٹری پرینکا گاندھی کے بس کی بات نہیں ہے ۔ مسٹر پانڈے نے سنیچر کی رات یواین آئی کو بتایا کہ کانگریس کو عوام رد کر چکے ہیں اور پرینکا گاندھی کے سہارے اب اقتدار میں لوٹنے والی نہیں ہے ۔ کانگریس اس سے قبل بھی پرینکا کو تشہیری مہم کی ذمہ داری سونپ چکی ہے ۔ دونوں بھائی اور بہن نے خوب تشہیر کی لیکن نتیجہ صفر ہی رہا۔ عوام پوری طرح نریندر مودی اور ان کی پالیسیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کہہ رہی ہے کہ وہ تین طلاق کا قانون رد کردے گی۔ یہ بھرم ہے کیونکہ جب وہ اقتدار میں آئے گی تبھی یہ ممکن ہو گا۔ اجودھیا میں متنازع اراضی پر رام مندر کی تعمیر کے عزم کو دوہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رام للا کی مندر عوام کے آستھا سے جڑا ہے ۔