پرینکا کی بیٹی کی جائیداد پر متنازعہ ٹویٹ، کانگریس کا مقدمہ

   

شملہ: کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی بیٹی کی جائیداد کے بارے میں متنازعہ پوسٹ کرنے پر پولیس نے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔کانگریس نے جھوٹے اور بے بنیاد پوسٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس شخص کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس نے اس پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یہ معاملہ دارالحکومت شملہ میں سامنے آیا ہے ۔چھوٹا شملہ کے رہنے والے کانگریس پارٹی کے سینئر کارکن پرمود گپتا نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ 10 مئی کو انوپ ورما نامی شخص نے اپنے ٹویٹرہینڈل سے پرینکا گاندھی کی بیٹی مرایا واڈرا کے نام پر 3000 کروڑ روپے کے اثاثے ہونے کا جھوٹا اور بے بنیاد ٹویٹ کیا ہے ۔ اس کے ذریعے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر عام لوگوں کے درمیان کانگریس پارٹی کی شبیہ کو خراب کرنے کی مہم چلائی گئی ہے ۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر چھوٹا شملہ تھانے میں آئی پی سی کی دفعہ 153، 469، 500 اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کارروائی کی جا رہی ہے ۔