پرینکا گاندھی کا 30 جولائی کو کولاپور میں جلسہ عام ملتوی

   

حیدرآباد: 27 جولائی (سیاست نیوز) مسلسل بارش کے نتیجہ میں 30 جولائی کو کولاپور محبوبنگر میں پرینکا گاندھی کا جلسہ ملتوی کردیا گیا۔ ہائی کمان نے عنقریب نئی تاریخ کے اعلان کا تیقن دیا ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی اور سابق وزیر جوپلی کرشنا رائو نے بتایا کہ مسلسل بارش کے پیش نظر مقامی قائدین اور عوام کی خواہش پر جلسہ عام کو ملتوی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں 28 جولائی تک بارش کی پیش قیاسی تھی لیکن تازہ پیش قیاسی میں 30 جولائی تک بارش کا امکان ہے ۔ پرینکا گاندھی دفتر سے دو افراد محبوب نگر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ دو رکنی ٹیم نے بھی جلسہ کو ملتوی کرنے کی سفارش کی۔ ملو روی نے بتایا کہ 14 اسمبلی حلقوں کے قائدین نے ہائی کمان سے اپیل کی ہے کہ بارش کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ ملوی روی نے کہا کہ فی الحال جلسہ کے انتظامات اور عوام کی منتقلی میں دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ ہائی کمان کو موسمیات کی تازہ پیش قیاسی سے واقف کرنے کے بعد جلسہ عام کی منسوخی کا اعلان کیا گیا تاہم تیقن دیا گیا کہ پرینکا جلد ہی محبوب نگر کا دورہ کریں گی ۔