پرینکا گاندھی کا 8 مئی کو سرور نگر اسٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب

   

تمام اضلاع سے عوام کی شرکت، گریٹر حیدرآباد پارٹی قائدین کا اجلاس
حیدرآباد۔4۔مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی 8 مئی کو سرورنگر اسٹیڈیم میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سہ پہر 3.00 بجے جلسہ عام کا آغاز ہوگا۔ ریاست بھر سے لاکھوں کی تعداد میں بیروزگار نوجوان جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر بیروزگار نوجوانوں کیلئے تقررات اور دیگر امور کے بارے میں اعلانات کریں گی۔ اسی دوران کانگریس قائدین نے سرور نگر اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سکریٹری اے آئی سی سی روہت چودھری ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو ، رنگا ریڈی ضلع کانگریس کے صدر نرسمہا ریڈی اور دیگر قائدین نے گراؤنڈ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم پہنچنے سے قبل پرینکا گاندھی ایل بی نگر میں تلنگانہ تحریک کے شہید سریکانت چاری کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کریں گی۔ جلسہ عام میں انتظامات کے سلسلہ میں گاندھی بھون میں قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ مہیش کمار گوڑ نے گریٹر حیدرآباد کے قائدین کو عوام کی کثیر تعداد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں نائب صدر نریندر ریڈی ، جی نریندر ، سابق ایم ایل سی راملو نائک ، مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل ، انڈین یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری انیل کمار یادو ، حیدرآباد ضلع کانگریس کے صدر سمیر ولی اللہ ، بلدیہ میں فلور لیڈر ڈی راج شیکھر ، حیدرآباد انچارج محمد فیروز خاں ، پردیش کانگریس کے سکریٹری نظام الدین اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ر