جاسوسی معاملے پر کانگریس قائدین برہم ، سپریم کورٹ اس مسئلہ کا فوری نوٹ لے کر تحقیقات کروائے
نئی دہلی 3 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج دعوی کیا کہ سینئر پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کا فون بھی ہیک ہوا ہے اور اس کی واٹس ایپ نے ایک پیام کے ذریعہ توثیق کی ہے ۔ پارٹی نے تاہم یہ نہیں کہا کہ پرینکا گاندھی کو یہ پیام کس وقت ملا ہے ۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے آج میڈیا کو فون ہیک ہونے کی اطلاع دی ۔ جاسوسی معاملہ پر کانگریس لیڈر نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے خلاف جاسوسی کرتے ہوئے فون ہیک کررہی ہے ۔ پرینکا گاندھی کو واٹس ایپ کے ذریعہ ہیکنگ کئے جانے کا بیان موصول ہوا ۔ کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی نگرانی میں تحقیقات کروائی جانی چاہئیے ۔ واٹس ایپ کے ذریعہ 1400 افراد کے فون ہیک کئے گئے ہیں ۔ اس طرح بڑے پیمانے پر اپوزیشن قائدین کے فون ہیک کئے جانے کا نیا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا بھی فون ہیک کروایا گیا ہے ۔ سرجے والا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی صبح ہندوستان کی عوام کو حیران کرنے والی خبر ملی کہ ملک کے کئی صحافیوں ، ججوں ، وکیلوں ، سماجی کارکنوں ، دلتوں اور حقوق انسانی کی لڑائی لڑنے والوں کے فون ہیک کئے گئے ہیں ۔ ان میں کئی اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین اور سپریم کورٹ کے ججوں کا بھی فون شامل ہوسکتا ہے ۔