سریکانت چاری کو خراج اور ایل بی نگر تا اسٹیڈیم پدیاترا کریں گی، کانگریس تیاریوں میں مصروف
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام اور مجوزہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے پرینکا گاندھی نے توجہ مرکوز کی ہے۔ کرناٹک کی انتخابی مہم میں مصروف پرینکا گاندھی مہم کے اختتام کے بعد 8 مئی کو حیدرآباد کا دورہ کریں گی اور سرور نگر میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ طئے شدہ پروگرام کے مطابق پرینکا گاندھی 8 مئی کو سہ پہر 4:30 بجے حیدرآباد پہنچیں گی۔ ایل بی نگر چوراہے پر تلنگانہ تحریک کے شہید سریکانت چاری کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد وہاں سے سرورنگر اسٹیڈیم تک پدیاترا کریں گی۔ شام 6 بجے جلسہ عام منعقد ہوگا۔ اسی دوران پردیش کانگریس کمیٹی نے پرینکا گاندھی کے دورہ اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے زوم پر سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ زوم کانفرنس میں اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، رکن اسمبلی جگا ریڈی، سابق وزیر محمد علی شبیر، انجن کمار یادو، سریدھر بابو، روہت چودھری، سمپت کمار، پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، بلرام نائیک اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں قائدین نے سرورنگر کے جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا۔ محمد علی شبیر نے تجویز پیش کی کہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے سرور نگر تک روڈ شو کا اہتمام کیا جائے تاکہ کئی اسمبلی حلقہ جات احاطہ ہوسکے۔ اسی دوران ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ نے نائب صدور، جنرل سکریٹریز اور سینئر قائدین کا گاندھی بھون میں اجلاس منعقد کیا جس میں پرینکا گاندھی کے دورہ کو کامیاب بنانے مساعی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہر اور اطراف کے علاقوں سے بیروزگار نوجوانوں کو جلسہ عام میں شرکت کی ترغیب دی جائے گی۔ر