پریڈ گراونڈ پر 13 تا 15 جنوری انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹیول

   

20 ممالک سے نمائندوں کی شرکت ، 10 لاکھ عوام کی شرکت کی توقع
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں 13 تا 15 جنوری انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹیول کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس پروگرام میں 20 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے اور اپنے اپنے اسٹالس بھی لگائے جائیں گے ۔ سکریٹری محکمہ سیاحت بی وینکٹشم نے آج محکمہ سیاحت کی جانب سے انعقاد کئے جانے والے انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹیول کا جائزہ لیا اور مختلف امور پر اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا گذشتہ سال سے مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور انتظامات میں کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پر زور دیا ۔ سکریٹری سیاحت نے کہا کہ گذشتہ سال منعقد کئے گئے پتنگ بازی فیسٹیول پر عوام نے زبردست ردعمل کا اظہار کیا تھا ۔ شہر حیدرآباد کے بشمول مختلف ریاستوں کے 8 لاکھ عوام نے سکندرآباد پریڈ گراونڈ پہونچے تھے ۔ اس فیسٹیول میں تقریبا 20 ممالک کے نمائندے شرکت کرتے ہوئے اپنی اسٹالس بھی لگائے جائیں گے ۔ اس مرتبہ ملک کے مختلف ریاستوں سے 10 لاکھ عوام کی فیسٹیول میں شرکت متوقع ہے ۔ اسی مناسبت سے انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ بیگم پیٹ کے پریاٹک بھون میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں صدر نشین سیاحت بھوپتی ریڈی منیجنگ ڈائرکٹر منوہر کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔۔