پشپا 2 کے کلائمکس مناظر کی شوٹنگ کا ویڈیو لیک

   

حیدرآباد ۔ جنوبی ہند کے سوپر اسٹار اللو ارجن کی فلم پشپا 2: دی رول کا انتظارکررہے ہیں۔ یہ اس سال کی سب سے زیادہ منتظر فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم کے پہلے حصے کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ تاہم پشپا 2 کی ریلیز میں بھی تاخیر ہو رہی ہے لیکن 6 دسمبر کو سب کا انتظار ختم ہو جائے گا۔ اس سے پہلے یہ فلم اگست میں ریلیز ہونی تھی لیکن شوٹنگ میں تاخیر کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا۔ فی الحال پشپا 2 کی پروڈکشن کا کام جاری ہے جس کے بعد فلم کی پوسٹ پروڈکشن پرکام شروع کیا جائے گا۔ اس دوران فلم کی اسٹارکاسٹ اور میکرز کے لیے ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔ دراصل پشپا 2 کی شوٹنگ کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہوا ہے۔ اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو یہ لیک ویڈیو اللو ارجن کی فلم پشپا 2 کے کلائمکس کا بتایا جارہا ہے۔ ویڈیو میں ایک سیٹ پر شوٹنگ جاری ہے۔ اس ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ مناظرکلائمکس میں دیکھنے کے لیے ایک اہم منظر ہے۔ پشپا2 کے کلائمیکس ویڈیو کے نام سے یہ کلپ ہر جگہ وائرل ہو رہا ہے۔تاہم، کوئی نہیں جانتا کہ اس خبر میں کتنی سچائی ہے اور آیا یہ واقعی اللو ارجن کی فلم کی ویڈیو ہے یا نہیں۔ اس ویڈیوکو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد کچھ مداح پرجوش ہیں جب کہ کچھ مداح اسے دیکھنے کے بعد کافی ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔ صارفین نے کہا ہے کہ اس ویڈیو کو فوری طور پر حذف کیا جائے۔ اگر ویڈیو اس طرح لیک ہو جاتی ہے تو فلم بنانے والوں اور فلم کو کافی نقصان ہوتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پشپا 2: دی رول فلم 500 کروڑ روپے کے بڑے بجٹ سے بنائی جا رہی ہے۔ فلم کے حوالے سے آئے روز طرح طرح کی خبریں آرہی ہیں۔ میکرز اور اسٹارز کے درمیان رسہ کشی کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم فی الحال اس فلم کی آخری شوٹنگ جاری ہے۔ پشپا 2 میں اللو ارجن کے علاوہ رشمیکا مندنا، فہد فاصل، سریتیج، وجے سیتھوپتی اور انسویا بھردواج بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ اداکارہ فلم کے پہلے حصے میں بھی مرکزی کردار میں تھیں۔ اللو ارجن اور رشمیکا کی جوڑی کو شائقین نے بہت پسند کیا۔ نیز پوری امید ہے کہ یہ فلم 1000 کروڑ کی فہرست میں شامل ہوسکتی ہے۔