حیدرآباد: ٹالی ووڈکے بڑے پروڈکشن ہاؤس میتری مووی میکرز، دل راجو، ڈائریکٹر سکوماراور دیگر پر انکم ٹیکس (آئی ٹی) چھاپوں نے فلمی صنعت میں ہلچل مچا دی ہے۔ واضح نہیں کہ یہ چھاپے کیوں مارے گئے اور کیا کچھ حاصل ہوا، لیکن حالیہ فلموں پشپا 2 اورگیم چینجر کی باکس آفس کلیکشن پر کافی چرچے ہو رہے ہیں۔ آئی ٹی حکام نے پشپا2 بنانے والوں سے ان کی آمدنی کے بارے میں پوچھا جو انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پردکھائے تھے۔ ان کے مطابق فلم نے چار ہفتوں میں 1800کروڑ روپے کی کمائی کی ہے ۔ حکام نے جی ایس ٹی ریٹرن دیکھا جو انہوں نے ادا کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق پروڈیوسرز نے حکام کو بتایا کہ یہ کلیکشنز صرف تشہیر کے لیے تھیں اور فلم نے حقیقت میں اتنا بزنس نہیں کیا۔ خبروں کے مطابق، پروڈیوسرز نے اصل کلیکشن میں تقریباً 400 سے 500کروڑ روپے کا اضافہ کرکے یہ ظاہر کیا کہ فلم ہندوستان کی سب سے بڑی کامیاب فلم ہے۔ اس پر آئی ٹی حکام نے سخت سوالات کیے اور فلم پشپا 2 سے متعلق تمام حسابات طلب کیے۔ دوسری طرف حکام نے پروڈیوسر دل راجو سے بھی سوال کیاکہ فلم گیم چینجر جو450کروڑکے بجٹ پر بنی تھی، کے کلیکشنز کے بارے میں وضاحت دیں۔ یہ فلم بڑی ناکام ثابت ہوئی، لیکن حکام نے وہ پوسٹر دکھائے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم نے 400 کروڑکا بزنس کیا ہے۔ دل راجو نے بتایا کہ یہ دعویٰ ان کی پروڈکشن ہاؤس کی طرف سے نہیں بلکہ اداکار کی ٹیم کی جانب سے کیا گیا تھا۔