پلواما حملوں پر عمران کی خاموشی قابل مذمت : امیت شاہ

   

نئی دہلی ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے پلواما دہشت گرد حملوں کی مذمت نہیں کی ہے ایسے میں ہندوستان ان پر کس طرح بھروسہ کرسکتا ہے ۔ انڈیا ٹوڈے کانکلیو میں اظہار خیال کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کے ذہنوں میں خوف پیدا کرنے میں کامیاب ہوئی تھی اور اس کیلئے پاکستان سے سرگرم دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ بی جے پی حکومت کا دہشت گردی کے خلاف ریکارڈ بہترین رہا ہے ۔ بی جے پی حکومت ہی میں زیادہ تعداد میں دہشت گردوں کو ختم کیا گیا ہے ۔ انہو ں نے پلواما حملوں پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خاموشی پر بھی سوال کیا ۔ وزیر اعظم پاکستان کو چاہئے تھا کہ وہ کم از کم پلواما حملوں کی مذمت کرتے ۔ کم از کم ایک بار وہ ایسا کرتے ۔ انہوں نے ایسا نہیں کیا تو ہمکس طرح ان پر یقین کرسکتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ صورتحال خود ان کے قابو میں نہ ہو ۔