کولکتہ ۔ /15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ دہشت گرد حملہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ’’محکمہ سراغ رسانی کی ناکامی ‘‘ کی وجہ سے ہوا اور مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر تین دن کے سوگ کا اعلان کیا جائے تاکہ مقتول جوانوں کی روحوں کو خراج عقیدت ادا کیا جاسکے ۔ انہوں نے مرکز پر تنقید کی کہ سی آر پی ایف جوانوں کیلئے اس نے قومی سوگ کا اعلان نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف سیاسی قائدین کے مرنے پر سوگ منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مطالبہ کرتی ہیں کہ 72 گھنٹوں کے سوگ کا اعلان کیا جائے تاکہ فوجیوں کی قربانیوں کو آخری خراج عقیدت قومی احترام کے طور پر پیش کیا جاسکے ۔ صرف ایک پرچم اس کیلئے کافی نہیں ہے ۔ وہ دہلی سے واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ حکومت کے علاوہ سیاسی پارٹیوں کو ایسے تمام مقررہ پروگرامس روک دینے چاہئیں کیونکہ یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا ۔انہوں اظہار افسوس کیا کہ وزیراعظم نے آج بھی ایک پراجکٹ کا افتتاح کیا ۔ حالانکہ اتنا سنگین واقعہ پیش آیا تھا اور انہیں سیاسی اور سرکاری پروگراموں سے گریز کرنا چاہئیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تین دن کے سوگ کا اعلان کیوں نہیں کیا۔ اس حملہ کو اری دہشت گرد حملے 2016 ء کے بعد سب سے بڑا دہشت گر د حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اس مسئلہ پر سیاست نہیں کرنی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلہ پر سیاست نہیں کرنا چاہتے ۔ اپوزیشن ملک کے عوام کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہے ۔