چندرا بابو نائیڈو کا اعلان، دہشت گرد حملے کی مذمت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : قومی صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گذشتہ دن پلوامہ میں پیش آئے دہشت گرد حملہ کے واقعہ کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اپنے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے کسی بھی نوعیت کے اقدامات کے لیے حکومت آندھرا پردیش کا پورا ساتھ رہے گا ۔ بلکہ بھر پور تعاون کرے گی ۔ چیف منسٹر نے آئندہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہونے کے لیے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ایک جامع حکمت عملی کو قطعیت دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مہلوک جوانوں کے افراد خاندان کا ساتھ دینے کی عوام سے پر زور اپیل کی ۔ انہوں نے بہادر جوانوں کے افراد خاندان کے لیے ایکس گریشیا فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے ہر ایک شہید جوان کے خاندان کو پانچ لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے ملک میں وقفہ وقفہ سے پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس طرح کے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے نہ صرف مرکزی حکومت بلکہ ریاستی حکومتوں کو بھی موثر اقدامات کرنے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہونے کے لیے ایک موثر ایکشن پلان پر عمل آوری کی جانی چاہئے ۔۔