پلوامہ میں 40 کیلو دھماکو مادہ ناکارہ بنادیا گیا

,

   

خوش قسمتی سے لوک سبھا الیکشن نہیں ہے …
سینٹرو کار میں آئی ای ڈی کی منتقلی ناکام ، سکیورٹی فورسیس ایک سال بعد کامیاب!
سری نگر۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے راجپورہ علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے ایک سینٹرو گاڑی سے 40 کیلوگرام عصری دھماکو مادہ برآمد کیا اور پھر اسے گاڑی سمیت ناکارہ بنادیا گیا۔ پلوامہ سے سکیورٹی فورسیس کی تلخ یادیں وابستہ ہیں ۔ گزشتہ سال لوک سبھا الیکشن سے قبل پلوامہ میں ہی نہایت سخت سکیورٹی زون میں مبینہ دہشت گردبھاری مقدار میں دھماکو مادوں کے ساتھ گھس آیا تھا اور فوجی قافلے میں اپنی گاڑی گھسا کر دھماکہ کیا۔ اس واقعہ میں 40 سے زائد سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ تب کئی سوال اٹھے تھے کہ سخت سکیورٹی زون میں کس طرح کوئی دہشت گرد اپنی گاڑی کے ساتھ گھس سکتا ہے۔ مودی حکومت الیکشن جیت گئی اور کسی نے اس سے دوبارہ سوال کرنے کی جرأت نہیں کی۔تاہم آج اسی مقام پر سکیورٹی فورسیس نے دھماکے مادے سے لدی گاڑی کو روک لیا اور احتیاط سے بم کو ناکارہ بنادیا۔ جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے آئی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کہا ہے کہ پلوامہ پولیس، سی آر پی ایف اور فوج کی بروقت کارروائی کی بدولت گاڑی کی مدد سے آئی ای ڈی دھماکہ کرنے کے ایک منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات ملنے پر پلوامہ کے راجپورہ آئین گنڈ علاقے میں جمعرات کی صبح 44 آرآر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک ٹیم نے ایک سینٹرو گاڑی کی تلاشی کی اور اس سے ایک آئی ای ڈی بم برآمد کیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گاڑی کا نمبر پلیٹ نقلی ہے اور اس کے ڈرائیور جو غالباً حزب المجاہدین سے وابستہ ہے ، نے علاقے میں ایک ناکے کو توڑ کر گاڑی کو آئین گنڈ کے نزدیک چھوڑ دیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ جنگجو گاڑی کو وہیں چھوڑ کر اندھیرا کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کو فوری طلب کیا گیا جس نے برآمد شدہ آئی ای ڈی کو نا کارہ بنایا۔