پنت کو بیٹنگ کی وجہ سے ساہاپر ترجیح دی گئی:کوہلی

   

ویلنگٹن۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے اور ٹی 20 سیریز کے بعد ہندوستان نے جمعہ کو ٹسٹ سیریز کی شروعات کی۔ دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ویلنگٹن میں کھیلا جارہا ہے۔ ہندوستانی کپتان نے اس مقابلے میں وکٹ کیپر کے طور پر ریشبھ پنت کو سینئروکٹ کیپر ساہاپر ترجیع دی ہے۔ پنت دورے نیوزی لینڈ میں ٹیم کے ساتھ تھے لیکن انہیں محدود اوورس کی کرکٹ میں موقع نہیں ملا۔ ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں ٹیم نے کے ایل راہول کو بطور وکٹ کیپر ٹیم میں موقع دیاتھا۔ کپتان کوہلی نے ساہا کو ویلنگٹن ٹسٹ میں باہر بیٹھا کر پنت کو چھ مہینے بعد ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا ہے۔ کپتان وراٹ کوہلی سے ٹیم کے بارے میں سوال کیاگیا تو انہوں نے کہا کہ وردھیمان ساہا نہیں بلکہ پنت ٹیم کے وکٹ کیپر ہیں۔ کوہلی کے اس فیصلے پر حیرت ہوئی ہیں کیونکہ ساہا کو کوہلی اورکوچ روی شاستری تک موجودہ وقت میں دنیاکا بہترین وکٹ کیپر بتا چکے ہیں۔ حالانکہ کوہلی نے کیوی پچ پرساہاکی بہتر وکٹ کیپنگ پر پنت کی بیٹنگ کو ترجیح دی ہے۔ کپتان کوہلی کے اس فیصلے کی اہم وجہ ہے پنت کی بیٹنگ ہے جس کے سبب انہیں ساہا پر ترجیح دی گئی ہے۔ اس سیریز سے پہلے ہندوستان میں کھیلی گئیں ٹسٹ سیریز میں ساہا نے یہ ذمہ داری اٹھائی تھی اورکئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کئے تھے۔ ساہا نے ہندوستانی زمین پر شاندار وکت کیپنگ کی جہاں اسپنر کے خلاف کیپنگ کرنا بیحد مشکل مانا جاتا ہے لیکن بطور بیٹسمین ساہا کچھ کمال نہیں کرپائے۔ ساہا کو طویل وقت کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ٹیم میں شامل کیاگیا تھا۔ ساہا نے اس سیریز میں دو اننگز میں 22.50 کے اوسط سے صرف 45 رنز بنائے تھے۔ وہیں اس کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز میں بھی ساہا دو اننگز میں صرف 29 بنا پائے تھے۔ وہیں پنت بیرونی زمین پر ان کا ریکارڈ ساہا سے بہتر ہے۔ پنت نے گزشتہ سال آسٹریلیائی اور انگلینڈ کے دورے پر سنچری بنائی تھی۔ وہیں ساہا افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف صرف 14.87 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں ۔