پنجاب میں مسلم اکثریتی ٹاؤن نیا ضلع بن گیا

,

   

۔1454 ء میں افغان شیخ صدرالدین کا بسایا ٹاؤن پنجاب کا 23 واں ضلع : امریندر

چندی گڑھ : پنجاب کے واحد مسلم اکثریتی ٹاؤن ملیر کوٹلہ کو گزشتہ روز عید کے موقع پر علٰحدہ ضلع قرار دیدیا گیا ۔ یہ ٹاؤن جو ضلع سانگرور کا حصہ رہا ، اب ریاست کا 23 واں ضلع شمار ہوگا ۔ اس ٹاؤن کو 1454 ء میں افغانستان کے شیخ صدرالدین جہاں نے بسایا تھا اور اس کے بعد 1657 ء میں بایزید خان نے ریاست ملیر کوٹلہ قائم کی تھی ۔ ملیر کوٹلہ کو بعد میں دیگر قریبی ریاستوں کے ساتھ ضم کرتے ہوئے پنجاب اینڈ ایسٹ پنجاب اسٹیٹ یونین تشکیل دی گئی تھی ۔ 1956 ء میں ریاستوں کی تنظیم جدید کے دوران سابق ریاستیں ملیر کوٹلہ کا علاقہ پنجاب کا حصہ بن گیا۔ چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے کہاکہ ملیر کوٹلہ اور احمد گڑھ کے سب ڈیویژن کے ساتھ ساتھ آرام گڑھ کی سب تحصیل اب نو تشکیل شدہ ضلع کے تحت آئیں گے ۔ ملیر کوٹلہ ڈسٹرکٹ کے دائرے میں آنے والے دیہات کو بھی اس عمل میں بعد میں شامل کیا جائے گا جب مردوم شماری کا کام پورا ہوجائے گا ۔ چیف منسٹر نے سانگرور ڈپٹی کمشنر کو فوری کوئی مناسب بلڈنگ تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ وہاں ضلع نظم و نسق کا دفتر اپنا کام کاج شروع کرسکے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نوتشکیل شدہ ضلع کے لئے ڈپٹی کمشنر کا عنقریب تقرر کیا جائے گا ۔ امریندر نے یہ اعلان بھی کیا کہ تاریخی شہر کے لئے کئی ترقیاتی پروجکٹس شروع کئے جائیں گے ۔ ان میں سے ایک نیا میڈیکل کالج ہے جو 500 کروڑ روپئے کی لاگت پر قائم کیا جائے گا ۔ اسے نواب شیر محمد خان سے موسوم کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت نے کالج کے لئے 25 ایکر اراضی الاٹ کی ہے اور 50 کروڑ روپئے کی رقم اس مقصد کے لئے پہلے ہی منظور کی جاچکی ہے ۔ ایک اور پراجکٹ خواتین کے لئے گورنمنٹ کالج ہے ۔ مالیر کوٹلہ کی خواتین کو معیاری تعلیم کے حصول کیلئے طویل مسافت طئے کرنا پڑتا ہے، اس لئے نیا کالج اُن میں سے کئی خواتین کیلئے راحت کا سبب بنے گا ۔ نیز دیگر عوامی سہولت کے اقدامات زیرغور ہیں جن میں پبلک ٹرانسپورٹ ، نیا بس اسٹانڈ نمایاں ہے جسے 10 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔