پنجاب پولیس کے موہالی ہیڈکوارٹر پر حملہ کی مکمل تحقیقات ہوگی

   

چند گرفتاریاں ہوئی ہیں، عنقریب مزید ملزمین گرفتار ہونگے ، چیف منسٹر بھگونت کا بیان
چنڈی گڑھ: پنجاب پولیس کے موہالی ہیڈ کوارٹر پر پیر کی رات راکٹ سے چلنے والے گرینیڈ حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی بھگونت مان نے پورے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت دی ہے تاکہ اس کی تہہ تک پہنچا جاسکے ۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سمیت سینئر پولیس افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بھگونت نے منگل کو دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو بھی ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کچھ ملک دشمن طاقتیں ریاست میں بدامنی پھیلانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہیں لیکن یہ جان لیں کہ وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ میٹنگ میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے بھگونت مان کو بتایا کہ کچھ مشکوک افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تاکہ پولیس واقعہ کی تہہ تک پہنچ سکے ۔اِس دوران بھگونت نے ریاست کے موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کہاکہ موہالی میں پولیس انٹلی جنس ونگ ہیڈکوارٹر حملے کے معاملہ میں اب تک کچھ لوگو ں کوگرفتار کیا گیا اور کچھ کو جلد گرفتارکر لیا جائے گا۔ مان نے منگل کو یہاں کہا کہ شام تک اس معاملے میں بڑے انکشاف کا امکان ہے ۔ ملک مخالف طاقتیں اگر پنجاب کے امن و سکون کو خراب کرنا چاہ رہی ہیں تو وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔حملے کی جڑوں تک پہنچیں گے ۔ انٹلی جنس اور پولیس کے حکام معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں، پنجاب کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے ولوں کو بخشا نہیں جائے گا۔