ہوشیار پور: پنجاب کے ہوشیار پور میں جمعرات کے روز کھرل گڑھ میں گنگا کے قریب بیساکھی منانے جانے والے عقیدتمندوں کوبے قابو ٹرک نے روند دیا، جس سے 7لوگوں کی موت ہوگئی اور 10 دیگر زخمی ہوگئے ۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دلجیت سنگھ نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت راہل، سدیش پال، سنتوش، انگوری، کانتی، گیتا اور راموہ کے طور پر کی گئی ہے ۔ مرنے والوں میں زیادہ تر اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں مستان کھیڑا کے باشندے تھے ۔ زخمیوں کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں سے پانچ لوگوں کو تشویشناک حالت میں پی جی آئی چنڈی گڑھ بھیج دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور نے گاڑی کا کنٹرول کھو دیا اور 17 راہ گیروں کو کچل دیا، ان میں سے سات ہلاک ہو گئے ۔ شبہ ہے کہ ٹرک کا بریک فیل ہوگیا تھا ۔ اس خوفناک سڑک حادثہ کے بعد کھرل گڑھ علاقہ میں کافی دیر تک ٹریفک جام رہی جس کو بحال کرنے میں پولیس کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔