پنجہ گٹہ علاقہ میں اسٹیل پل کا افتتاح

   

وزراء محمد محمود علی، سرینواس یادو و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔/20 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سنیما ٹوگرافی تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست تیزی سے ترقی کررہی ہے اور شہر حیدرآباد میں مسلسل بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزراء ٹی سرینواس یادو اور محمد محمود علی نے جمعرات کے روز پنجہ گٹہ علاقہ میں 17 کروڑ روپئے کی لاگت سے پنجہ گٹہ قبرستان تک نئے تعمیر شدہ اسٹیل پل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خیریت آباد کے ایم ایل اے دانم ناگیندر، میئر گدوال وجئے لکشمی، ڈپٹی میئر موتے سری لتا، کارپوریٹر مانے کویتا ریڈی، سی ای دیوانند، ایس ای رویندر، ڈپٹی میونسپل کمشنر وینو گوپال اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر سرینواس یادو نے کہا کہ ناگرجنا سرکل سے کے بی آر پارک جنکشن تک جانے والی گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے سفر کرسکیں گی کیونکہ اسے پرانے گیٹ سے ہائی ٹینشن پاور پول تک توسیع کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسئلہ کے مستقل حل کیلئے جی ایچ ایم سی سے 17 کروڑ روپئے کی منظوری سے ایک اسٹیل پل تعمیر کیا گیا ہے تاکہ قبرستان جانے والے لوگوں کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔ سڑک کا کُل رقبہ 140 میٹر ہے جس میں اپروچ ریٹرن وال 57 میٹر اور فلائی اوور 6.9 میٹر ہے۔ 48 اسٹیل گریٹررس کے قیام کے ذریعہ کام مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے خصوصی اقدام سے شہر حیدرآباد ملک کے دیگر شہروں کے مقابلہ میں ترقی کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔