پنجہ گٹہ میں قتل ‘ ڈی جی پی پولیس اسٹیشن پہونچ گئے

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین قتل کی واردات پنجہ گٹہ علاقہ میں پیش آئی جس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہیندر ریڈی آج رات دیر گئے کیس کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے اچانک پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور برسرموقع واقفیت حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب اسٹیل کے تاجر رام پرساد کو علاقہ پنجہ گٹہ میں نامعلوم افراد نے چاقوؤں سے وار کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔ کہا گیا تھا کہ رام پرساد مندر سے واپس ہو رہا تھا کہ راستے میں اس پر حملہ کردیا گیا تھا ۔48 سالہ رام پرساد شہر کے ایک کارپوریٹ دواخانہ میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔ مذکورہ کیس کی تحقیقات پنجہ گٹہ پولیس کررہی تھی کہ اور یہ پتہ لگایا تھا کہ اس قتل کے پس پردہ آندھرا پردیش کے ایک تلگو دیشم لیڈر اوما اور ایک اور صنعت کار ستیم ملوث ہوسکتے ہیں۔ پولیس اس کیس کی ہر زاویہ سے تحقیقات میں مصروف تھی کہ آج رات دیر گئے اچانک ڈی جی پی مہیندر ریڈی پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور کیس کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم اور قتل کی وارداتوں وغیرہ میں ہولناک اضافہ کا ڈی جی پی نے سخت نوٹ لیا اور سٹی پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔