15 ویں فینانس کمیشن کے فنڈس کیلئے ریاستی وزیر سیتکا کی مساعی
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مرکز سے درخواست کی ہے کہ تلنگانہ کے پنچایت راج اداروں کیلئے زیر التواء 2000 کروڑ فوری جاری کئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں پنچایت راج اداروں کا انتخابی مرحلہ مکمل ہوچکا ہے لہذا 15 ویں فینانس کمیشن کے فنڈس کی اجرائی کیلئے ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا مساعی کررہی ہیں۔ مرکز نے پنچایت راج اداروں کے لئے 3 اقساط میں جملہ 1032 کروڑ جاری کردیئے ہیں جبکہ تلنگانہ حکومت کا ماننا ہے کہ 15 ویں فینانس کمیشن سے مزید 2000 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ دیہی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے لئے یہ فنڈس استعمال کئے جاتے ہیں۔ صحت و صفائی، پانی کی سربراہی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اہم امور کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ دیہاتوں کی داخلی مربوط سڑکوں کی تعمیر پر یہ فنڈس خرچ کئے جاتے ہیں۔ سیتکا نے کہا کہ 2000 کروڑ کی اجرائی میں تاخیر کے سبب دیہی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ ریاستی وزیر نے حال ہی میں نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر پنچایت راج سے نمائندگی کی تھی۔ تلنگانہ میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات میں 2 سال کی تاخیر ہوئی جس کے نتیجہ میں مرکزی حکومت نے 15 ویں فینانس کمیشن کے فنڈس جاری نہیں کئے تھے۔ 1