پنچایت ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ

   

حسن آباد میں مزدور تنظیم کا احتجاج، مختلف قائدین کا خطاب

حسن آباد۔/12 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست گیر سطح پر بیشتر مواضعات میں گزشتہ کئی سالوں سے برائے نام معاوضہ پر خدمات انجام دینے والے گرام پنچایت عملے جن میں اکثرت دلت ملازمین کی ہوتی ہے فوری باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی محاذی مزدور تنظیم کے زیر اہتمام آج یہاں دفتر مجلس بلدیہ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ملازمین کی تنظیم کے ریاستی قائدین شیوا پرساد، پریم کمار، کماراسوامی اور دیگر نے ریاستی حکومت سے انسانی بنیادوں پر گرام پنچایت ملازمین کو فوری باقاعدہ بنانے اور طویل عرصہ سے معرض التواء مسائل کی یکسوئی کرنے اور فی کس 20 ہزار روپئے ماہانہ تنخواہ منظور کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر ریاست گیر سطح پر گرام پنچایت کے صفائی کے کاموں کو مسدود کردینے کا ریاست حکومت کو انتباہ دیا ۔ بعد ازاں اپنے مطالبات پر مشتمل تحریری یادداشت کو کمشنر مجلس بلدیہ حسن آباد مسٹر راجا ملیا کو پیش کی جس کو قبول کرتے ہوئے انہوں نے اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا احتجاجی مزدور قائدین کو تیقن دیا۔