پنچایت چناؤ میں ناقص مظاہرہ ، میناکشی نٹراجن سے رپورٹ طلب

   

انچارج وزراء کیخلاف کارروائی کا امکان، پارٹی کے داخلی انتشار سے اپوزیشن کو فائدہ

حیدرآباد ۔14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) گرام پنچایت چناؤ میں کانگریس کے ناقص مظاہرہ پر ہائی کمان نے انچارج جنرل سکریٹری میناکشی نٹراجن سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے کئی اضلاع میں کانگریس کے تائیدی امیدواروں کو شکست کی وجوہات اور اقرباء پروری کی حوصلہ افزائی کرنے والے وزراء کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ میناکشی نٹراجن نے ضلع واری سطح پر منتخب سرپنچ ، نائب سرپنچ اور وارڈ ممبرس کی تفصیلات اکھٹا کرنا شروع کردی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اقتدار کے دو سال کی تکمیل کے باوجود 30 فیصد سے زائد نشستوں سے محرومی پر ہائی کمان نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے ہائی کمان کو کامیاب سرپنچوں کی جو فہرست پیش کی گئی ہے، ان میں پارٹی کے باغی امیدوار بھی شامل ہیں۔ کئی اضلاع میں وزراء اور عوامی نمائندوں کی جانب سے اپنے رشتہ داروں کو امیدوار بنائے جانے کے سبب کانگریس کو شکست کا سامناکرنا پڑا۔ ایک طرف حکومت دو سال میں موثر کارکر دگی کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن پنچایت راج چناؤ میں 30 فیصد سے زائد نشستوں سے محرومی نے ہائی کمان کی ناراضگی کو دعوت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے ارکان اسمبلی اور انچارج وزراء کے خلاف کارروائی کا من بنالیا ہے۔ میناکشی نٹراجن کی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی نوعیت طئے کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی اضلاع کے انچارج منسٹرس کو تبدیل کیا جاسکتا ہے تاکہ مجالس مقامی کے مجوزہ انتخابات میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر ہو۔ ہائی کمان نے پردیش کانگریس کمیٹی سے علیحدہ رپورٹ طلب کی ہے جس میں ناقص مظاہرہ والے اضلاع اور اسمبلی حلقہ جات کی نشاندہی کی جائے گی۔ بی آر ایس اور بی جے پی نے کانگریس ارکان اسمبلی کے علاقوں میں بہتر مظاہرہ کیا جو پارٹی میں داخلی اختلافات کا نتیجہ ہے، بتایا جاتا ہے کہ مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریوں کے حصہ کے طور پر ہائی کمان نے پنچایت چناؤ نتائج کا پوسٹ مارٹم شروع کیا ہے۔ کھمم ، نلگنڈہ اور ورنگل اضلاع میں اپوزیشن کو زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء نے صد فیصد نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق میناکشی نٹراجن نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے پنچایت چناؤ کے نتائج پر بات کی ۔ کانگریس ہائی کمان پنچایت اور مجالس مقامی انتخابات کے نتائج کی بنیاد پر کابینہ میں تبدیلی اور ارکان اسمبلی کو نامزد عہدوں پر تقررات کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔1