پنچایت چناؤ میں کانگریس کی کامیابی پر قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد

   

Ferty9 Clinic

حکومت کی دو سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ، مہیش کمار گوڑ کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 17۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے گرام پنچایت چناؤ کے تیسرے مرحلہ میں کانگریس پارٹی کے شاندار مظاہرہ پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ تینوں مراحل میں کانگریس پارٹی کو اکثریت نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تیسرے مرحلہ کے نتائج کے بعد مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے پارٹی کے تائیدی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کانگریس پارٹی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ دیہی علاقوں میں حکومت کی اسکیمات کے فوائد پہنچ رہے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام میں کانگریس پارٹی کے تائیدی امیدواروں کو منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچ اور وارڈ ممبرس دونوں عہدوں پر کانگریس کو سبقت حاصل رہی جو حکومت کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت کے نتائج اپوزیشن کے منہ پر طمانچہ ہے جو ریاست میں دوبارہ اقتدار کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے پوری سنجیدگی کے ساتھ پنچایت چناؤ کا سامنا کیا اور حکمت عملی کے ساتھ قائدین نے مہم چلائی ۔ ریاستی وزراء ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور مقامی قائدین نے مہم میں حصہ لیا ۔ عوام کی توقع کے مطابق حکومت کی کارکردگی ہے جس کا ثبوت نتائج سے ظاہر ہورہا ہے ۔ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے دوران انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ ترقیاتی اسکیمات پر عمل کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ اقلیتوں ، دلت، قبائل ، خواتین ، کسان اور نوجوانوں نے کانگریس پارٹی کی تائید کی۔ شاندار کامیابی سے کانگریس قائدین کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور انہیں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ مہیش کمار نے میونسپلٹیز کے مجوزہ انتخابات میں بھی کانگریس کی شانداری کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔1