پنچایت چناؤ کے پہلے مرحلہ کا آج سے آغاز

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 26۔نومبر (سیاست نیوز) اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے ضلع اور سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں پنچایت راج چناؤ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ کسی کوتاہی کے بغیر موثر انتظامات کئے جائیں اور بے قاعدگیوں کی شکایت موصول نہ ہو۔ ضلع کلکٹرس ، پولیس کمشنرس ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ رانی کمودنی نے کہا کہ جمعرات سے پنچایت راج چناؤ میں پہلے مرحلہ کے لئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے پہلے مرحلہ میں تمام پنچایتوں میں سخت چوکسی اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر دیہی علاقوں میں سیکوریٹی کے مناسب انتظامات کئے جائیں اور انتخابات کی تکمیل تک انتظامات کو برقرار رکھا جائے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے کہا کہ تینوں مراحل کے چناؤ آزادانہ اور منصفانہ منعقد کرنے کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔1

پنچایت راج اداروں میں تحفظات کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست
حیدرآباد ۔ 26۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے پنچایت راج اداروں کے انتخابات میں تحفظات پالیسی کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ۔ درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تحفظات کے تعین پر اعتراض کیا ہے ۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ پسماندہ طبقات کی آبادی کے اعتبار سے تحفظات کا تعین نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں کئی پنچایتیں تحفظات سے محروم ہیں۔ درخواست گزار نے سنگاریڈی اور ورنگل اضلاع کے پنچایتوں کا حوالہ دیا جہاں تحفظات کے تعین میں خامیاں ہوئی ہیں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے درخواست کو سماعت کے لئے قبول کرلیا اور کل جمعرات کو مباحث ہوں گے۔ بی سی تنظیمیں تحفظات کے از سر نو تعین کا مطالبہ کر رہی ہیں۔1