نئی دہلی، 29 جولائی (یو این آئی) حکومت نے لوک سبھا میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت ریاستوں کو پنچایتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مالی امداد دینے کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی اہم اسکیمیں بھی چلا رہی ہے ۔ پنچایتی راج کے وزیر راجیو رنجن سنگھ نے لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ مودی حکومت میں پنچایتی راج کا فنڈ کبھی کم نہیں ہوا۔ 15ویں مالیاتی کمیشن میں ریاستوں کو دی گئی رقم چار گنا زیادہ ہے ۔ حکومت پنچایتی راج کے تحت فنڈ فراہم کرتی ہے اور جہاں پنچایتی انتخابات نہیں ہو رہے ہیں یہ فنڈ ان ریاستوں کو نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد پنچایتوں کو خود کفیل بنانا اور پنچایتوں کو شفاف طریقے سے مضبوط بنانا ہے ۔ حکومت پنچایتوں کو دیے گئے فنڈز کو شفاف طریقے سے استعمال کرنے کے لیے تربیت بھی فراہم کر رہی ہے اور یہ فنڈ ریاستوں کو اسی وقت جاری کیا جاتا ہے جب اس کے لیے ضروری معیارات فراہم کرائے جاتے ہیں۔ ان تمام معیارات کو اپ لوڈ کرکے مرکز کو بھیجنا پڑتا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ پنچایتی راج نظام ریاست کا موضوع ہے لیکن پنچایتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مرکز ان اداروں کی عزت افزائی جیسے پروگرام چلا رہی ہے ۔