پوتن کا دورہ: روس نے ہندوستان کو ’عظیم دوست‘قرار دیا

   

نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (یو این آئی) کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صدر ولادیمیرپوتن کے 4 اور 5 دسمبر کے دورئہ ہند سے قبل کہا ہے کہ روس اپنے اس اہم دورے کا بے تابی سے منتظر ہے ۔ اسپوتنک نیوز ایجنسی کے زیرِ اہتمام نئی دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پیسکوف نے ہندوستان اورہندوستانی عوام کو ’روس کا عظیم دوست‘ قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی تاریخی گہرائی پر زور دیا۔ایک میڈیا بریفنگ میں پیسکوف نے کہا کہ ماسکو ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں کسی بھی بیرونی مداخلت کے حوالے سے بہت حساس ہے اور یہ کہ دونوں ممالک کی شراکت داری آزاد، دیرینہ اور باہمی مفادات کی بنیاد پر قائم ہے ۔ انہوں نے کہا، ہماری شراکت داری محض دستاویزات نہیں بلکہ تاریخی پس منظر اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے ۔ ہندوستان اور روس تاریخ کے اہم موڑ پر ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ امریکی ٹیرف سے متعلق سوال پر پیسکوف نے کہا کہ روس کسی تیسرے ملک کی مداخلت کو پسند نہیں کرتا اور یہ معاملہ صدر پیوٹن کے دورے کے دوران ہندوستان کے ساتھ زیرِ بحث آئے گا۔