پوری دنیا جانتی ہے کہ رامپور کے ساتھ ظلم ہوا :اعظم خاں

   

جب میں کہتا تھا کہ رامپور کو دنیا کے نقشہ پر لاؤنگا تو میرا مذاق اڑایا جاتا تھا

رامپور۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے قدرآوررہنما و رامپور صدر سے ایم ایل اے محمد اعظم خان نے کہا’ جب میں نے کہا تھا میں رامپور کو دنیا کے نقشے پر لا دونگا تو لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے ۔ لوگ کہتے تھے کہ دیوانہ ہوگیا لیکن اب نہ صرف یہ کہ رامپور کو دنیا کے نقشے پر لے گئے ہیں بلکہ پوری دنیا یہ جانتی ہے کہ رامپور کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے ۔ جمعہ کی دیر رات کارکنوں کے ساتھ ایک مختصر میٹنگ میں خان نے کہا ‘پورا ملک حیران ہے اور حیرت زدہ ہے کہ اترپردیش میں سماج وادی حکومت کیوں نہیں بنی۔یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ کیوں نہیں بنی۔ ہماراحساب فیل، حکومت بنانے والوں کی ریاضی فیل، ہر کوئی حیران ہے کہ کیا ہوا ہے ،ہارنے والوں کو ہارنے کا بھروسہ نہیں، جیتنے والوں کو جیتنے کا یقین نہیں۔ کیا ہوا ہے یہ تو اوپر والا ہی جانتا ہے ۔ ہمیں قدرت کے فیصلے آگے سرتسلیم خم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے شخص کا ساتھ دیں جس کے دامن پر کوئی داغ نہیں ہے جس کی پیشانی صاف ہے ۔ ہمارا دامن تو انتا داغدار کردیا ہے کہ ہمیں اپنے دامن پر افسوس ہوتا ہے ۔ جس کا جو جی چاہتا ہے کہ وہ ہم پر الزام لگا دیا ہے ۔ بکری چوری، بھینس چوری، کتا چوری، ہم نے شراب کی دوکان لوٹی ہے بلکہ ہم نے ان چیزوں کی ڈکیتی کی ہے ۔ پارٹی دفتر دارالعلوم میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نے کہا’ میں صرف حلف لینے کے لئے تھوڑی دیر کے لئے اسمبلی گیا تھا۔ تو بی جے پی کے وزیر، ایم ایل اے کے سر نہیں اٹھے ۔ مجھے معلوم تھا ہو مجھ سے آنکھ نہیں ملا سکیں گے اور نہیں ملا سکے ۔ بس ایک ہی ظلم باقی رہ گیا تھا بچی ہوئی جان بھی نکال لی جائے ۔یاد رہے کہ دو ہفتہ قبل اعظم خاں یوپی کی سیتا پور جیل سے رہا ہوئے ہیں۔