پورے ملک میں 157میڈیکل کالجوں کو منظوری

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں پورے ملک میں 157نئے میڈیکل کالجوں کی منظوری دی ہے جن پر کل ملاکر 17,691.08کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے ۔صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کی مرکزی وزارت نے اتوار کو یہاں بتایا کہ ان میڈیکل کالجوں میں تقریباً 16000انڈرگریجوئیٹ میڈیکل سیٹیں جوڑی جائیں گی۔ ان میں سے 64نئے میڈیکل کالج کام کرنے لگے ہیں اور 6500سیٹیں بنائی گئی ہیں۔مرکزی اسکیموں کے تحت مرکزی حکومت نے ملک میں ایم بی بی ایس سیٹیں بڑھانے کے لئے موجودہ ریاستی حکومت یا مرکزی حکومت کے میڈیکل کالجوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے تقریباً 2,451.1کروڑ روپے بھی دیئے ہیں۔ان اسکیموں کے تحت ان اضلاع میں میڈیکل کالج قائم کئے جاتے ہیں جہاں سرکاری یا نجی میڈیکل کالج نہیں ہیں۔ اس معاملہ میں محروم، پسماندہ اور خواہش مند اضلاع کو ترجیح دی جاتی ہے ۔