حیدرآباد۔8 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تعلیمی سال 2020-21 ء کے لئے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 31 جولائی تک توسیع کردی ہے ۔ ایڈیشنل سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راجہ سلوچنا کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق حکومت نے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، ای بی سی ، اقلیت اور جسمانی معذور طلبہ کے لئے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسکالرشپ کی منظوری اور اجرائی میں شفافیت کیلئے ای پاس پورٹل پر ویب سائیٹ فراہم کی گئی ہے۔
http://telanganaepass.cgg.gov.in
پر آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ کالجس اور طلبہ کی جانب سے رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے۔ طلبہ پہلی مرتبہ اسکالرشپ یا پھر رینیول کیلئے آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ ای پاس ویب سائیٹ کا 14 اکتوبر کو آغاز کیا گیا تھا جو 31 مئی تک کھلی رہی۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں طلبہ اور کالجس اس سہولت سے استفادہ کرنے سے قاصر رہے۔ حکومت نے ویب سائیٹ کو 31 جولائی تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ اسکالرشپ کے لئے آن لائین درخواستیں داخل کرسکیں۔
