میدک ۔ ریاستی مہیلا کمیشن کی چیرپرسن وی سنیتا لکشما ریڈی نے کہا کہ آنے والی نسلوں کیلئے صحتمند معاشرہ کی فراہمی کیلئے حاملہ خواتین ، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو مناسب غذا فراہم کرنا ضروری ہے۔ محترمہ سنیتا نرساپور کے جی وی آر آئی ٹی میں قومی کمیشن برائے خواتین کے زیر اہتمام جیوتی پرجوالہ کالج آف انجینئیرنگ کے آڈیٹوریم میں آنگن واڑی معلمات ، آنگن واڑی آیاؤں اور نان میڈیکل اسسٹنٹس کیلئے منعقدہ پوشن پنچایت بیداری پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں کے سی آر کٹس اور 13 ہزار نقد دئے جارہے ہیں ۔ فلاحی اداروں کے تحت ضلع کے 50 دیہاتوں میں صنعتی غیر جانبدار معاشرے کی تعمیر کیلئے مختلف پروگرامس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کو چاہئے کہ اجتماعی طور پر لوگوں میں پوشن مہم سے متعلق شعور بیداری کریں ۔ اس موقع پر اسکولی طلبہ میں منعقدہ مضمون اور رنگین مقابلوں کے فاتحین کو توصیفی اسنادات پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے نرساپور مدن ریڈی ، ضلع پریشد چیرپرسن میدک ، ہیمالتا گوڑ ، ضلع پریشد چیرپرسن ، سنگاریڈی محترمہ منجو شری ، صدر نشین بلدیہ نرساپور مسٹر سدھیر یادو ، رکن کمیشن محترمہ شاہین موجود تھے ۔
