سینٹ جارج ۔کیرن پولارڈ کی جارحانہ بیٹنگ اور ڈیوائن براووکی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے چوتھے ٹی 20 مقابلے میں جنوبی افریقہ کو21 رنز سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کرلی ، فیصلہ کن میچ ہنوز باقی ہے جو کہ ہفتہ کو کھیلا جائے گا ۔سینٹ جارج میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم کے اوپنر ِلنڈل سیمنز نے34 گیندوں پر 47رنز بنائے لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں جس کے بعد کپتان کیرن پولارڈ نے جارحانہ اننگزکھیلی۔ پولارڈ نے اپنی اننگز میں 5 چھکے لگائے اور 25گیندوں پر51رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 6 وکٹ پر 167 رنز تک پہنچا یا۔جواب میں جنوبی افریقہ کے کونٹین ڈی کوک نے تو شاندار بیٹنگ کی لیکن دوسرے سرے سے کوئی ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکا، ڈی کوک کی 60 رنز کی اننگز براوو نے ختم کی۔براوو نے صرف 19 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا اور اپنی ٹیم کو 21رنز سے فتح دلا دی ، سیریز کا پانچوں اور فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائے گا۔