پولٹری فارمس میں پر اسرار بیماری، ہزاروں مرغیوں کی موت

   

نظام آباد میں پولٹری فارمرس کو بھاری نقصان، محکمہ انیمل ہسبنڈری جانچ میں مصروف
حیدرآباد 7۔فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کچھ علاقوں میں پھر ایک بار پراسرار بیماری نے پولٹری فارمس میں بڑی تعداد میں مرغیوں کی ہلاکت میں عوام میں سنسنی دوڑادی ہے۔ یوں تو وقفہ وقفہ سے پولٹری فارمس میں مختلف وجوہات کے سبب مرغیوں کی موت کی اطلاعات منظر عام پر آتی ہیں جس کے نتیجہ میں ماہرین کی جانب سے عوام کو چکن کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ متحدہ نظام آباد ضلع میں گزشتہ چند ہفتوں سے پر اسرار بیماری نے پولٹری فارمرس میں بے چینی پیدا کردی ہے کیونکہ بڑی تعداد میں مرغیوں کی موت ہوئی ہے۔ پولٹری فارم کے مالکین نے حکومت سے مدد طلب کی ہے تاکہ نامعلوم بیماری سے نمٹا جاسکے۔ مرغیوں میں پھیلنے والی اس بیماری نے کئی پولٹری فارمس کو بھاری نقصان سے دوچار کردیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین دن میں پولٹری فارمس میں بڑی تعداد میں مرغیوں کی موت واقع ہوئیں اور محکمہ انیمل ہسبنڈری کے عہدیدار اموت کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ریکارڈ کے مطابق گزشتہ دو دن میں تقریباً 22 ہزار مرغیوں کی موت واقع ہوئی ۔ حکام کے مطابق پراسرار بیماری سے بھیمگل، ویل پور ، لاکھورا اور بانسواڑہ علاقہ زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ بھیمگل میں واقع پولٹری فارمس میں 14 ہزار مرغیوں کی موت سے تقریباً 20 لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ ویل پور منڈل کے ایک پولٹری فارم میں 7200 اور لاکھورا گاؤں میں 800 مرغیوں کی موت ہوئی۔ محکمہ انیمل ہسبنڈری کے حکام نے بڑی تعداد میں مرغیوں کی موت کی توثیق کی اور بتایا کہ مرض کا پتہ چلانے خون کے نمونے ویٹرنری بیالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد روانہ کئے گئے ہیں۔ حکام یہ پتہ چلانا چاہتے ہیں کہ آیا اموات کسی بیماری کا نتیجہ ہے یا پولٹری فارمرس کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ سابق میں بھی پر اسرار بیماری کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں مرغیوں کی موت واقع تھی جسکے بعد حکام نے پولٹری فارمرس کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا تھا۔ اموات سے بھاری نقصان کا شکار پولٹری فارمس مالکین نے حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پولٹری کاروبار پہلے ہی کم ہوچکا ہے۔ ایسے میں مرغیوں کی اچانک موت سے ناقابل تلافی مالی نقصان ہوا ہے۔ پولٹری فارمس مالکین کو امید ہے کہ محکمہ انیمل ہسبنڈری بیماری کی وجوہات کا پتہ چلانے میں کامیاب رہیگا جس کی بنیاد پر احتیاطی تدابیر کی جاسکتی ہے۔ فارمرس اپنے طور پر اموات کی وجوہات جاننے کی کوشش کی ہے ۔ پر اسرار بیماری سے مرغیوں کی اموات کے نتیجہ میں متحدہ نظام آباد ضلع میں چکن کے کاروبار پر اثر پڑا ہے۔1