پولیس اور ماؤنوازوں میں فائرنگ کا تبادلہ ، 5 ماؤنواز ہلاک

   

رائے پور ۔ 24 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہفتہ کے دن چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ بندوقوں کی لڑائی میں پانچ ماؤ نواز مارے گئے ۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی ار جی) کے دو جوان بھی اس لڑائی میں زخمی ہوگئے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پو لیس ڈی ایم اوستھی نے بتایا کہ اورچھا پولیس چوکی سے تقریباً 20 کیلو میٹر کے فاصلے پر دھورہ جنگل میں صبح 6 بجے پولیس اور ماؤنوازوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ یہ تصادم اس وقت ہوا جب ڈی آر جی کی ٹیم انسداد دہشت گردی آپریشن کے لئے جارہی تھی، انٹلیجنس رپورٹ ملنے پر رائے پور سے 350 کیلو میٹر دور اورچھا کے جنگلات میں ڈی آر جی نے ماؤنوازوں کے تربیتی کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ دیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آتا رہا۔ تاہم ماؤنواز فائرنگ سے فائدہ ا ٹھاکر گھنے جنگل میں غائب ہوگئے۔