پولیس اور گروپ 4 کی جائیدادوں کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ کی مفت تربیت

   

ماہرین کی خدمات سے استفادہ، سیاست گولڈن جوبلی ہال میں ہفتہ سے کلاسیس ، نوجوان استفادہ کریں
حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) روز نامہ ’سیاست‘ نے تعلیم و روزگار کے معاملے میں ہمیشہ مسلمانوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ہے۔ اس مرتبہ حکومت نے 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا ہے جس میں ایس آئی و کانسٹبل کی 1600 جائیدادیں اور گروپ 4 کی 9800 جائیدادیں شامل ہیں۔ ان ملازمتوں کیلئے پھر ایک مرتبہ روز نامہ ’سیاست‘ کے ایڈیٹر جناب زاہد علی خاں، منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خان، نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان نے مسلم نوجوان لڑکے و لڑکیوں کو مفت تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا روز نامہ ’سیاست‘ میں ہفتہ 2جولائی سے آغاز ہوگا ہے۔ ’سیاست‘ نے امیدواروں کو تربیت فراہم کرنے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا ہے۔ مجیب الرحمن اس تربیت کے نگرانکار ہوں گے ۔ تربیتی کلاسیس کے اوقات صبح 10:30 تا شام 5 بجے تک روز نامہ ’سیاست‘ کے گولڈن جوبلی ہال میں اہتمام کیا جارہا ہے۔ روز نامہ ’سیاست‘ نے خبروں کی ترسیل کے ساتھ نوجوانوں کو زمانے سے ہم آہنگ کرنے مسابقتی دور کا حصہ بنانے کی بھرپور کوشش کی جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج محکمہ پولیس میں سیاست کے تربیت یافتہ 1200 کانسٹبل اور دیگر عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سیاست کی تربیت سے سرکاری اسکولس میں 4500 امیدواروں کو ملازمت ملی ہے۔ اس کے علاوہ بی یو ایم ایس کوچنگ سے سینکڑوں طلبہ کو حیدرآباد کے نظامیہ طبی کالج کے علاوہ دوسری ریاستوں کے خانگی یونانی کالجس میں داخلہ ملا ہے۔ تعلیم و روزگار کی تربیت میں روز نامہ ’سیاست‘ ہمیشہ پیش پیش رہا ہے جس کا مقصد قوم و ملت کی خدمت رہا ہے۔ موجودہ چیلنجس سے بھرپور دور میں مسلمانوں کا تعلیم اور روزگار میں اہم رول ہونا ضروری ہے جس کو بنیاد بناکر مختلف محکمہ جات میں روزگار حاصل کرنے کی مسلم نوجوانوں کو تربیت دینے اور رہنمائی کرنے کی سیاست نے ذمہ داری قبول کی ہے۔ سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے خواہشمند مسلم نوجوان لڑکے و لڑکیاں اس سہولت سے مفت استفادہ کرسکتے ہیں۔ ہر سبجیکٹ کیلئے علحدہ علحدہ فیکلٹی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پہلے دن ہفتہ کو فُل ڈے جنرل انگلش کی کلاسیس رہے گی۔ اس کے بعد تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں کا ایک دن کے وقفہ سے باقاعدہ طور پر ٹسٹ بھی لیا جائے گا۔ تربیت حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوان ٹیلی فون نمبر 9063668831 پر ربط پیدا کرتے ہوئے اپنا نام رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ ن