پولیس حراست میں ملزم کی مشتبہ موت،دوران علاج ملزم کی موت واقع ہونے ڈی سی پی کا ادعا

   

حیدرآباد ۔3اپریل ( سیاست نیوز) قتل کیس کی تحقیقات کے دوران ایس آر نگر پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے ایک ملزم کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ سمپت کی پولیس تحویل میں ہی موت واقع ہوئی ہے لیکن پولیس نے اس بات کی تردید کردی ۔ تفصیلات کے بموجب 2اپریل کی شب ساردھی اسٹوڈیو مائتری وانم امیر پیٹ علاقہ میں 50سالہ نامعلوم شخص کی خون میں لت پت نعش پولیس کو دستیاب ہوئی تھی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ پولیس ایس آر نگر نے تحقیقات کے دوران نامعلوم شخص کے قتل میں ملوث ہونے پر 23سالہ جی راجو اور اس کے ساتھی 33سالہ سمپت جو کچرا چُنتا ہے کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کی تھی ۔ 3اپریل کی شب سمپت کو اچانک دورہ پڑنے لگے جس کے نتیجہ میں اُسے فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور اسے وہاں شریک کیا گیا تھا ۔ دوران علاج سمپت گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون اے آر سرینواس نے سمپت کی پولیس تحویل میں موت واقع ہونے کی تردید کی اور کہا کہ ملزم کی موت پولیس اسٹیشن کے لاک اپ میں نہیں بلکہ دواخانہ میں علاج کے دوران ہوئی ہے ۔ متوفی ملزم کی نعش کا پوسٹ مارٹم کے بعد ورثہ کے حوالے کیا گیا۔