پولیس عہدیداروں کو گھوڑے فراہم کرنے 2 کروڑ کا بجٹ

   

ممبئی۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شہر کے پولیس اہلکاروں کے جلد دن پھرنے والے ہیں اور وہ گھوڑی چڑھنے والے ہیں۔ لندن، نیویارک ، ماسکو، کولکتہ اور میسور پولیس کے طرز پر ممبئی میں بھی پولیس والوں کو گلی محلوں میں گشت کیلئے گھوڑے دیئے جائیں گے۔ گھڑ سوار پولیس والوں کو ماؤنٹیڈ کاپس کا نام دیا گیا ہے جسے ریاست کی وزارت داخلہ نے ہری جھنڈی دے دی ہے ۔ آزادی سے قبل پولیس کا دستہ گھوڑے پر سوار ہوکے گشت کیا کرتا تھا لیکن آزادی کے بعد اس سلسلے کو ممبئی میں بند کردیا گیا تھا۔ چینائی، کولکتہ اور میسور میں یہ طریقہ کار اب بھی جاری تھا۔ ممبئی پولیس نے اب اسی طرز پر گھڑ سوار دستہ تیار کیا ہے اور اسے ماؤنٹیڈ کاپس کا نام دیا جارہاہے۔ جلد ممبئی پولیس 30 گھوڑے خریدنے والی ہے اور ان کی نگرانی کیلئے ڈاکٹروں اور کٹر کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ گھوڑے کی خریداری کیلئے دو کروڑ روپئے کا فنڈ مقرر کیا گیا ہے۔ ماؤنٹیڈ کاپس میں ایک پولیس انسپکٹر، ایک سب انسپکٹر، 4 پولیس حوالدار اور 3 پولیس سپاہی شامل کئے جائیں گے۔ ایمرجنسی اور پیچیدہ حالات میں اس دستے کو فوری کارروائی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔