پولیس میں بھرتی کے امیدواروں کے ڈاٹا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ

   

ایک شخص گرفتار ، سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /21 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں پولیس محکمہ میں بھرتی کے دوران امیدواروں کے ڈاٹا سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے چیرمین نے سائبر کرائم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا تھا کہ /15 مارچ کو پولیس میں بھرتی کی کارروائی کے دوران کونڈہ پور میں ریکارڈ سے چھیڑچھاڑ کرنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی اور اس بات کا پتہ لگایا تھا کہ بعض افراد نے امیدواروں کے ڈاٹا سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اس میں ردوبدل کرنے کی ناکام کوشش کی ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور دوران تحقیقات ای سافٹ کنسلٹنسی پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ملازم بی ناگو کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ناگو نے بی رمیش اور دیگر کی مدد سے یہ کارستانی انجام دی تھی اور بعض امیدواروں جنہیں عنبرپیٹ پولیس لائینس میں فٹنس کیلئے طلب کیا گیا تھا کا ردوبدل کرتے ہوئے ان کا مقام کونڈہ پور میں تبدیل کردیا ۔ اس کیلئے ناگو نے دیڑھ لاکھ روپئے حاصل کئے تھے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 50 ہزار نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا ۔