پولیس کا لشکر طیبہ کے جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ

   

سری نگر۔ پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں ہفتہ کے روز لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ جنگجوؤں کے نقل و حمل کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج کی 62\2 آر آر اور سی آر پی ایف کی 79 بٹالین سے وابستہ ایک مشترکہ ٹیم نے ہفتہ کے روز بڈگام کے پشکر علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت حامد ناتھ ساکن پیٹھہ زانگام کے طور پر کی گئی ہے ۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ گرفتار شدہ جنگجو کی تحویل سے قابل اعتراض مواد کے علاوہ ایک پستول، ایک میگزین، پانچ پستول گولیاں اور ایک چینی ساخت کا گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔