91 فیصد امیدواروں کی شرکت، کمشنر پولیس نے حیدرآباد کے مراکز کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست بھر میں پولیس کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے پریلمنری امتحانات کا آج پُرامن انعقاد عمل میں آیا۔ سیول، ٹرانسپورٹ اور اکسائیز کانسٹبل کی جائیدادوں کیلئے پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے امتحان منعقد کیا گیا تھا۔ سیول اور دیگر شعبہ جات میں 15644 ، ٹرانسپورٹ 63 اور اکسائیز ڈپارٹمنٹ میں 614 کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے اپریل میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ جملہ 661196 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں۔ آج صبح 10 بجے سے امتحانات کا آغاز ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے مطابق 603955 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی اور مجموعی تعداد 91.34 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ 38 شہروں میں امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ بورڈ کے مطابق طئے شدہ قواعد کے تحت ریاست بھر میں امتحانات کا خوشگوار اور پُرامن انداز میں انعقاد عمل میں آیا۔ امتحانی مراکز کے اطراف پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے عثمانیہ یونیورسٹی پہنچ کر امتحانی مرکز کا معائنہ کیا۔ وائس چانسلر اور رجسٹرار نے امتحان کیلئے کئے گئے انتظامات سے واقف کرایا۔ تاخیر سے پہنچنے پر امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ ر