پولیس کی بے رحمانہ پٹائی سے ایک شخص معذور

   

ایک پیر ٹوٹ گیا ۔ حکومت سے انصاف کرنے اہلیہ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ /25 اپریل (سیاست نیوز) پولیس کی لاٹھیوں سے معذور ہوچکے کلیم کی بیوی نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ شاجہاں بیگم جو گزشتہ روز پولیس کی مبینہ مارپیٹ میں زخمی اور معذور ہونے والے کلیم کی بیوی ہے نے کہا کہ بغیر کوئی غلطی اور قصور کے پولیس نے ان کے شوہر پر لاٹھیاں برسائیں اور ایک پیر توڑ دیا ۔ شاجہاں بیگم کے مطابق /22 اپریل کی رات انکے شوہر مکان کے باہر ٹھہرے تھے اس دوران دو لڑکے وہاں سے دوڑتے ہوئے گئے جن کے پیچھے پولیس تھی ۔ پولیس نے جیسے ہی کلیم کو دیکھا بلاکوئی وجہ کے ان پر ٹوٹ پڑی اور بڑی بے رحمی سے شدید زدوکوب کردیا ۔ خاتون نے بتایا کہ شوہر کو زخمی حالت میں لیکر جب وہ عثمانیہ ہاسپٹل پہونچی تو کوئی ان کی مدد کیلئے تیار نہیں تھا اور ڈاکٹروں نے بھی رسواء کن رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کے شوہر کے علاج میں تاخیر کی ۔شاجہاں بیگم کا مکان انصاری روڈ شیخ کی مسجد مصطفٰی نگر میں واقع ہے ۔ گھر پر دو معصوم بچوں کو چھوڑکر خاتون شوہر کے علاج کیلئے دربدر بھٹک رہی ہے ۔ یہ علاقہ سائبرآباد کمشنریٹ کے مائیلاردیوپلی پولیس حدود میں آتا ہے ۔ انہوں نے خاطی پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی اور شوہر سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔