پولیس کی سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر مشکوک گاڑی پر فائرنگ

   

واشنگٹن، 23 مئی (یو این آئی)امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکورٹی اہلکار کی جانب سے مشکوک گاڑی پر فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خاتون اپنی گاڑی لے کر داخلی دروازے تک پہنچیں اور سکیورٹی عملے کی جانب سے روکے جانے پر گاڑی نہیں روکی۔رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ زخم جان لیوا نہیں ہے ۔واقعے کی سی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے ۔ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔ سی آئی اے کا ہیڈکوارٹر دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً نو میل دور ریاست ورجینیا کے علاقے لینگلی میں واقع ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانے کے اہلکاروں کو قتل کردیا گیا تھا، اہلکاروں پر یہودی میوزیم کے باہر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ میوزیم سے باہر آ رہے تھے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارت کاروں کو قتل کرنے کے بعد قاتل نے فری فلسطین کے نعرے لگائے ، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے ۔ڈی سی پولیس نے بتایا کہ مقتول سفارتی اہلکار ایک نوجوان جوڑا ہے ، جو جیوش میوزیم میں ایک تقریب سے نکل رہے تھے ، انھوں نے مزید کہا کہ واقعہ ٹارگٹیڈ لگتا ہے ۔ اہلکاروں پر فائرنگ ایک ایسے علاقے میں کی گئی ہے ، جہاں متعدد سیاحتی مقامات، عجائب گھر اور سرکاری عمارتیں واقع ہیں، جن میں ایف بی آئی کا واشنگٹن فیلڈ آفس بھی شامل ہے ۔پولیس نے حملہ آور کی شناخت جاری کر دی ہے ، 30 سالہ حملہ آور ایلیاس روڈریگیز کا تعلق شکاگو سے ہے ، میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پامیلا اسمتھ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ سے قبل روڈریگز کو میوزیم کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا، فائرنگ کے بعد وہ میوزیم کے اندر گیا لیکن اسے سیکیورٹی نے روک دیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور کی فائرنگ کے وقت وہاں چار افراد کا گروپ جا رہا تھا، جن میں سے دو نشانہ بن گئے ۔