پولیس کی لاپرواہی اور بلڈر کی پشت پناہی

   

متاثرہ خاتون نے پولیس اسٹیشن کو قفل ڈال دیا ، وشاکھا پٹنم میں انوکھا احتجاج
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ذاتی مکان کے خواب کی تعبیر میں رکاوٹ اور پولیس کی مبینہ لاپرواہی ایک خاتون کی برہمی کا سبب بن گئی اور خاتون نے پولیس کی لاپرواہی اور بلڈر کی مبینہ پشت پناہی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کو بند کردیا ۔ مصروف ترین پولیس اسٹیشن کی گیٹ کو قفل ڈالنے والی خاتون نے اپنی آپ بیتی سنائی اور کہا کہ داد فریاد کے باوجود پولیس اس کے مسئلہ کو ان سنی کررہی ہے اور خاتون نے پولیس پر بلڈر کی پشت پناہی کا الزام لگاتے ہوئے انصاف کے لیے آخری دم تک کوشش کرنے کا اعلان کیا ۔ ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ وشاکھا پٹنم کے پندورتی پولیس اسٹیشن کو ایک مقامی خاتون جس کا نام گوتمی بتایا گیا ہے ۔ اس نے قفل ڈال دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گوتمی نے ایک فلیٹ کی خریداری کا معاہدہ کیا اور 15 لاکھ روپئے میں قیمت طئے ہوئی ۔ گوتمی نے بلڈر کو 5 لاکھ روپئے بطور اڈوانس ادا کردئیے اور کچھ اقساط کی ادائیگی کا بھی دعویٰ کیا ۔ لیکن بلڈر نے اپنے وعدے کے مطابق گوتمی کو فلیٹ حوالے نہیں کیا اور صاف طور پر کہہ دیا کہ خاتون نے اسے کوئی رقم ادا نہیں کی نہ ہی اڈوانس دیا گیا اور نہ ہی اقساط ادا کئے گئے ۔ اس بات سے پریشان حال گوتمی نے پولیس اسٹیشن کا رخ کیا اور شکایت کردی شکایت کے ایک ہفتہ گذرنے کے باوجود بھی پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ گوتمی ہر دن پولیس اسٹیشن کے چکر کاٹ رہی تھی بالآخر گذشتہ روز اس نے اپنے مکان سے پولیس اسٹیشن جانے کے دوران اپنے ساتھ قفل لے گئی اور پولیس اسٹیشن کو قفل ڈال دیا ۔۔ ع