کاماریڈی: 17؍ جنوری (محمد جاوید علی) کاماریڈی ضلع پولیس کی مستعدی اور فوری ردِعمل کے باعث محض آدھے گھنٹے میں لاپتہ ہونے والی سات سالہ لڑکی کو بحفاظت اس کی ماں کے حوالے کر دیا گیا۔ اس بروقت اور منظم کارروائی پر ضلع ایس پی نے ٹاؤن پولیس کی ستائش کی۔فرید پیٹھ گاؤں سے تعلق رکھنے والی سبیتا 16 ؍جنوری کو اپنے بچوں کے ساتھ پلونچا۔مری بس کے ذریعے کاماریڈی سفر کر رہی تھیں۔ بس میں مسافروں کی غیر معمولی بھیڑ کے باعث راستے میں انہیں معلوم ہوئے بغیر ان کی سات سالہ بیٹی سدیکشا عرف چیری بس سے اتر گئی۔ کاماریڈی پہنچنے کے بعد بچی کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا، جس پر سبیتا شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئیں اور فوری طور پر کاماریڈی پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی کاماریڈی ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نرہری نے اس واقعہ سے ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا اور اے ایس پی بی چیتنیا ریڈی آ کو واقف کروایا۔ ضلع ایس پی کی ہدایات پر ایس ایچ او نرہری کی قیادت میں فوری طور پر پانچ خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ بس اسٹینڈ، اطرافی علاقوں، سڑکوں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تیز رفتار تلاش شروع کی گئی۔پولیس کی مربوط اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں محض تیس منٹ کے اندر لاپتہ لڑکی سدیکشا کو بحفاظت تلاش کر کے اس کی ماں کے حوالے کر دیا گیا۔
